غیر ملکی سرمایہ کاری ،منافع کی بیرون ملک منتقلی میں 90 فیصد اضافہ

61

کراچی (کامرس رپورٹر) غیرملکی سرمایہ کاری پرحاصل منافع کی بیرون ممالک منتقلی میں جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں سالانہ بنیادوں پر90 فیصداضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 7ماہ میں ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری پرحاصل منافع کی مدمیں غیرملکی سرمایہ کاروں وکمپنیوں نے 1.317ارب ڈالراپنے ممالک منتقل کئے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 90فیصدزیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں غیرملکی سرمایہ کاروں نے منافع کی مدمیں 694.3ملین ڈالرمنتقل کئے تھے۔جنوری میں غیرملکی سرمایہ کاروں نے منافع کی مد میں 102.9 ملین ڈالرمنتقل کئے جودسمبرکے مقابلہ میں 20فیصد کم اورگزشتہ سال جنوری کے مقابلہ میں 19فیصد زیادہ ہے ہے،دسمبرمیں غیرملکی سرمایہ کاروں نے منافع کی مدمیں 86.5ملین ڈالراورگزشتہ سال جنوری میں 126.6ملین ڈالرمنتقل کئے تھے۔ اعدادوشمارکے مطابق خوراک کے شعبہ میں غیرملکی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے مالی سال کے پہلے 7ماہ میں 263ملین ڈالر،بجلی 182.8ملین ڈالر،فنانشل بزنس 164.6ملین ڈالر،آئل اینڈگیس 108.6 ملین ڈالر،ٹوبیکو اینڈسگریٹس 97.1ملین ڈالر، ٹرانسپورٹ 85.1 ملین ڈالر،پٹرولیم ریفائننگ 82 .7ملین ڈالر، مشروبات 65.9ملین ڈالر،کیمیکلز 64.1ملین ڈالر،مواصلات 31.5ملین ڈالر، سیمنٹ 26.7 ملین ڈالر،ٹرانسپورٹ آلات 25.7 ملین ڈالر اوردیگرشعبوں میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے 119.2ملین ڈالرمنافع کی صورت میں اپنے متعلقہ ممالک منتقل کئے۔