اقوام متحدہ کا مشن لیبیا میں قیام امن کیلیے کام کرے، پاکستان

86

اقوام متحدہ (اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ لیبیا میں اقوام متحدہ کا سفارتی مشن سیاسی تعطل کے خاتمے ،قیام امن اور مفاہمتی ماحول کیلیے ایک منظم حکمت عملی اختیار کرے تاکہ ملکی ادارے متحد ہونے کے ساتھ ساتھ صدارتی انتخابات کی راہ ہموار ہو۔ ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے لیبیا میں عالمی ادارے کے سپورٹ مشن
(یو این ایس ایم آئی ایل) کے حوالے سے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا میں یو این سپورٹ مشن ایک موثر پالیسی اپنائے تاکہ وہاں امن اور مفاہمت کی فضا قائم کی جاسکے، اس سے ملکی اداروں کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی اور ملک نئے صدارتی انتخابات کی جانب جاسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم لیبیا کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ بامعنی بات چیت کے ذریعے تمام مسائل تعمیری انداز میں حل کریں جس سے تمام اداروں کے اتحاد کی راہ ہموار ہو۔