ویٹیکن (صباح نیوز) 88 سالہ پوپ فرانسس کی صحت مزید بگڑ گئی، روم کے جیمیلی اسپتال میں سانس کی بیماری کے باعث زیر علاج ہیں، انہیں دونوں پھیپھڑوں میں انفیکشن کی تشخیص ہوئی ہے۔ ویٹیکن کے ذرائع کے مطابق پوپ فرانسس نے اپنے قریبی ساتھیوں کو بتایا کہ وہ اس بیماری سے شاید نہ بچ سکیں۔ ان کی طبیعت
زیادہ خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں خبردار کیا کہ ان کی بیماری جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق پوپ فرانسس نے اپنی ممکنہ جانشینی کیلیے کچھ اہم فیصلے کیے ہیں۔ اس ماہ کے شروع میں انہوں نے اپنے قریبی ساتھی کارڈینل جیووانی باتیستا رے کی مدت ملازمت میں توسیع کردی، جو ویٹیکن میں ایک اہم فیصلہ سمجھا جا رہا ہے۔ پوپ فرانسس نے اپنی مصروفیات منسوخ کر دی ہیں، بشمول ہفتہ وار اینجلس دعا، جس میں وہ شاذ و نادر ہی غیر حاضر ہوتے ہیں۔ 2013ء میں رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ بننے والے پوپ فرانسس کو ان کی ترقی پسند سوچ اور چرچ میں شمولیت پسندی کے فروغ کیلیے سراہا جاتا ہے۔