اسلام آباد: راولپنڈی، لاہور سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں طویل عرصے بعد ہونے والی تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ برفباری کے باعث سردی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ شہریوں نے بارانِ رحمت پر رب کا شکر ادا کیا۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی، جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے جبکہ کوہ سفید پر برفباری ہوئی جس کے نتیجے میں سردی کی شدت بڑھ گئی۔ پشاور میں موسلا دھار بارش کے بعد سرد موسم نے شہریوں کو گرم لباس پہننے پر مجبور کر دیا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارانِ رحمت ہوئی، جس سے کوئٹہ اور دیگر شہروں میں خنکی بڑھ گئی، سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، گھوٹکی، اوباڑو اور گردونواح میں بادل برسے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
خیال رہےکہ بارش کے باعث کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے نتیجے میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی، شہریوں کو بجلی کی آنکھ مچولی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ متعلقہ حکام نے بحالی کے لیے کام تیز کر دیا ہے۔