چیمپئنز ٹرافی افتتاحی میچ:پاکستان پر سُست اوور ریٹ کی وجہ سے جرمانہ عائد

157

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو سست اوور ریٹ کی وجہ سے جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کروایا، جس کے نتیجے میں آئی سی سی نے ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے اینڈی پائکرافٹ نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت یہ جرمانہ عائد کیا۔

آئی سی سی کے اس آرٹیکل کے مطابق اگر کوئی ٹیم مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہیں کرتی تو اس پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے جرمانہ قبول کر لیا، جس کی وجہ سے رسمی سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔

آن فیلڈ امپائر رچرڈ کیٹلبرو اور شرف الدولہ، تھرڈ امپائر جوئل ولسن اور چوتھے امپائر ایلکس وارف نے پاکستان کی جانب سے سست اوور ریٹ کی شکایت درج کی تھی، جس کے بعد آئی سی سی نے جرمانے کا فیصلہ کیا۔