کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان کاکہنا ہےکہ ہیوی ٹریفک کے اوقات کی خلاف ورزی،حادثات و اموات میں اضافہ سندھ حکومت و محکمہ پولیس کی نااہلی و کرپشن اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے جس کا براہ راست خمیازہ کراچی کے شہری انسانی جانوں کے ضیاع کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔
منعم ظفر خان نے شہر میں ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے بڑھتی ہوئی اموات اور شہریوں کے دیگر مسائل کے حوالے سے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈمپرو ٹینکرز اور ہیوی ٹریفک کے باعث شہر میں حادثات اور بڑھتی اموات انتظامی یا سیاسی نہیں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا مسئلہ ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اس مسئلے کو صرف انتظامی قراردینے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کریں،شہریوں کا خونی ڈمپر و ٹینکرز سے تحفظ یقینی بنائیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کاکہنا تھاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو فی کس ایک کروڑ روپے زر تلافی ادا کیا جائے،سندھ حکومت اور محکمہ پولیس ٹریفک قوانین،ہیوی ٹریفک کی شہر میں نقل و حرکت کے اوقات،روڈ سیفٹی ایکٹ،موٹر وہیکل لاء، ڈرائیونگ لائسنس اور حد رفتار کی پابندی یقینی بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیوا یم نے 40سال میں شہریوں کو تباہی و بربادی کا سوا کچھ نہیں دیا،شہر لاوارث نہیں، جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ 21فروری شہر میں 15مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے، پر امن جدوجہد اور مزاحمت سے ہی ظالم حکمرانوں سے حق لیں گے۔