آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے تجربہ کار امام الحق کو فخر زمان کی جگہ پاکستان کے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئینز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہونیوالے اوپنر فخر زمان کی جگہ تجربہ کار امام الحق کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری مل گئی۔
آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی جگہ امام الحق کی شمولیت کی اجازت دے دی، ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی میں وسیم خان، عثمان واہلہ، سارا ایڈگر اور شان پولگ شامل ہیں۔
امام الحق نے چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ میچز میں جنوبی افریقا کے خلاف 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فخر زمان چیمپئینز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں فیلڈنگ کے دوران پہلے ہی اوور میں پٹھوں میں کھچاؤ کے باعث ان فٹ ہوگئے تھے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بتایا کہ فخر زمان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں، فخر زمان کو پٹھوں میں موچ آئی ہے، فخر زمان دبئی روانہ ہونے والی ٹیم کے ہمراہ نہیں جا رہے۔