پاکستان کو بڑا دھچکا، فخر زمان چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے

156

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے نتیجے میں وہ اب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں۔

 فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے گر گئے تھے جس کے بعد وہ لنگڑاتے ہوئے میدان چھوڑ کر چلے گئے۔

رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم بھارت کے خلاف 23 فروری کو ہونے والے میچ کے لیے آج دبئی روانہ ہو گئی ہے تاہم اوپنر فخر زمان انجری کے باعث ٹیم کے ہمراہ نہیں جا رہے۔

اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بتایا کہ فخر زمان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں، فخر زمان کو پٹھوں میں موچ آئی ہے، فخر زمان دبئی روانہ ہونے والی ٹیم کے ہمراہ نہیں جا رہے۔

رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے فخر زمان کی جگہ متبادل اوپنر کیلئے آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی سے رابطہ بھی کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فخر زمان کی جگہ امام الحق کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔