پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وہ ریاست اور اداروں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ نظریے اور سوچ کو قید نہیں کیا جاسکتا اور نہ دبایا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان ایک نظریہ بن چکا ہے جو لوگوں میں موجود ہے، عمران خان دوبارہ آئے گا اور ملک کو ٹھیک کرے گا اور پاکستان کو حقیقی آزاد پاکستان بنائے گا۔یہ بات انہو ںنے قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں خیبرپختونخوا گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔
ان کا کہناتھاکہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے کوئی جیتے گا نہیں تو ہارے گا کیسے اور کھیل میں ہار جیت بدل سکتی ہے جو اچھا کھیلے گا وہ جیتے گا لیکن زندگی کی ہار اور جیت میں فرق ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ زندگی کی جیت میں بنیاد نظریے، اخلاقیات، اصولوں پر ہوتی ہے جو شخص اسلامی تعلیمات، اپنے نظریات، روایات ، اصولوں اور روایات کے ساتھ کے ساتھ کھڑا رہا وہ جیت سکتا ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اگر زندگی میں جیتنے کا فیصلہ کرلیا ہے تو اس کو کوئی ہارا نہیں سکتا، آج جس شخص کو ریاست نے بے گناہ قید رکھا ہے وہ ایک نظریے اور سوچ کی صورت میں ہمارے درمیان موجود ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان ایک نظریہ اور سوچ بن گیا ہے جسے قید نہیں کیا جاسکتا اور دبایا نہیں جاسکتا، نظریہ کبھی مرتا نہیں اور نہ ختم کیا جاسکتا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ میں ریاست اور اداروں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جو دلوں میں ہوتے ہیں وہ نظریے ہوتے ہیں، وہ قید نہیں ہوسکتے، یہ وہ آواز ہے جو تم دبا نہیں سکتے، یہ آواز ہے ابھر کر آئے گا۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ نظریہ مرتا نہیں ہے اور نہ ختم ہوتا ہے۔