حیدرآباد:(اسٹاف رپورٹر)روڈ حادثے میں نوجوان کی وفات پر تعزیت اور روڈ سیفٹی کے لیے اہم فیصلے دو دن قبل فرید پلازہ کے قریب افسوسناک روڈ حادثے کے نتیجے میں نوجوان کی وفات پر التاش پاک اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حیدرآباد شہر میں صفائی ستھرائی کا کام کرنے والی کمپنی التاش پاک اور ایس ایس ڈبلیو ایم بی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ روڈ حادثات سے بچنے کے لیے ادارے کی طرف سے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ آئندہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور صفائی ستھرائی کا کام بہتر طریقے سے جاری رہ سکے۔دوسری جانب، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی صدارت میں روڈ سیفٹی اجلاس میں کچرا گاڑیوں اور ڈمپروں کے ساتھ پیش آنے والے حادثات کی روک تھام کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ حیدرآباد میں روڈ سیفٹی سے متعلق ایک اہم اجلاس شہباز ہال میں منعقد ہوا، جس میں حادثات کی وجوہات اور حفاظتی تدابیر پر بات کی گئی۔ اجلاس میں پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تیز رفتاری اور روڈ کے درمیان گاڑیوں کی پارکنگ حادثات کی اہم وجوہات ہیں، جن سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔