پیپلزپارٹی بینیظیر بھٹو کے مشن کو لے کر چل رہی ہے،یاسمین شاہ

20

بدین (نمائندہ جسارت ) پارلیمینٹیری سیکریٹری برائے وومن ڈویلپمنٹ ویمن ایم پی اے بی بی یاسمین شاہ نے جیم خانہ بدین میں واٹر ایڈ کے تعاون سے سماجی تنظیم ایل ایچ ڈی پی کی جانب سے منعقدہ تقریب “دیہاتوں کو کھلے عام رفع حاجت سے مکمل طور پر پاک قرار دینے کی تقریب” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یہاں بیحد خوشی اور فخر کے ساتھ ایک ایسا سنگِ میل منانے کے لیے جمع ہوئے ہیں جو صرف ترقی ہی نہیں بلکہ صحت، عزت اور اجتماعی بھلائی کے ہمارے عزم کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔ آج ہمارے 410 دیہات باضابطہ طور پر “کھلے فضائی رفع حاجت سے پاک” دیہات کا درجہ حاصل کر چکے ہیں۔ سب سے پہلے ہم ان تمام افراد کی محنت کو سراہتے ہیں جو اس اہم کامیابی تک پہنچنے میں شامل تھے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے لے کر چل رہے ہیں، اور اس مشن کی تکمیل میں سماجی تنظیمیں بھی ہمارے ساتھ ہیں ہم چاہتے ہیں کہ اس پروگرام کو دیگر دیہات تک بھی وسعت دی جائے اور پورے ضلع بدین کو کھلے عام رفع حاجت سے پاک کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ سماجی تنظیم ایل ایچ ڈی پی کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ ایل ایچ ڈی پی نے مختلف دیہاتوں میں صاف پانی کے سولر فلٹر پلانٹ فراہم کیے ہیں اور اسکولوں و اسپتالوں میں ماڈل واش رومز بھی تعمیر کروائے ہیں بی بی یاسمین شاہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سندھ حکومت تعلیم کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کر رہی ہے۔ سندھ میں ہزاروں نئے اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے تاکہ تعلیم کو عام کیا جا سکے۔ ایک مرد کے پڑھنے سے صرف ایک فرد پڑھا لکھا بنتا ہے، مگر ایک عورت کے پڑھنے سے ایک پورا خاندان تعلیم یافتہ بنتا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسہ نے کہا کہ رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ واٹر ایڈ اور ایل ایچ ڈی پی کے ساتھ ہمیشہ سوشل ویلفیئر کا مکمل تعاون رہا ہے۔ حکومت نے واش سے متعلق پالیسیاں مرتب کی ہیں، مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ان پر مکمل عمل درآمد کیا جائے سی سی او ساون لطیف جونیجو نے کہا کہ وہ ایل ایچ ڈی پی کے اس فورم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عوام تک یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ 20 فروری سے محکمہ صحت کی جانب سے ضلع بدین میں ای پی آئی بگ کیچ اپ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جس میں پیدائش سے لے کر 5 سال تک کے بچوں کو 12 خطرناک بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کی ٹیمیں آپ کے علاقوں میں موجود ہوں گی، لہٰذا ان سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں تقریب کے اختتام پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایل ایچ ڈی پی اقبال حیدر قمبرا نی نے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون کے بغیر یہ منصوبہ مکمل کرنا ناممکن تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی، ضلعی انتظامیہ، سوشل ویلفیئر اور محکمہ اطلاعات کے شکر گزار ہیں جو ہر وقت ایل ایچ ڈی پی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے رہے تقریب میں ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر دین محمد دیرو، انجینئر پبلک ہیلتھ محبوب علی سومرو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالرحیم کھٹی، ڈاکٹر ثناء اللہ، سی سی او ساون لطیف جونیجو، ایجوکیشن فوکل پرسن محمد خان سموں، واش پروجیکٹ مینیجر ہینڈز ممتاز علی راہو، سماجی رہنما حمیدہ خاصخیلی، پروجیکٹ مینیجر ایل ایچ ڈی پی موہن لال ویرمانی اور دیگر متعلقہ افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور عام لوگوں نے بھی شرکت کی۔