کاروبار حصص میں تیزی ،انڈیکس 113088 پوائنٹس پر بند

59

کراچی(کامرس رپورٹر)کاروباری ہفتے کے دوسرے روزمنگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار حصص مندی سے شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد تیزی کی جانب گامزن ہوگیا اور کاروبار کا اختتام بھی تیزی پرہوا۔مارکیٹ میں ایک ساتھ 111800سے شروع ہوکر 113000تک 13نفسیاتی حدیں عبورہو گئیں ،ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس113252پوائنٹس تک بھی پہنچاتاہم کاروبار کے اختتام پر113088 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 161ارب روپے کا اضافہ ہوا اور سرمائے کا مجموعی حجم139کھرب48ارب روپے کو بھی عبور کرگیا جبکہ 57.17فیصد شیئرز کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔منگل کوپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز، ریفائنریز ، آٹوموبائلز ،پاور،انرجی سمیت اہم سیکٹرز کے شیئرزمیں خریداری کا رحجان دیکھا گیا جس کی وجہ سے کاروبارکا اختتام مثبت زون میں ہوا۔ماہرین اسٹاک کے مطابق ورلڈ بینک کے وفد کے دورہ پاکستان اور ا مارچ میں آئی ایم ایف کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد مزید بہتری کے امکانات ہیں تاہم مارکیٹ ویلیو ایشن کے نقطہ نظر سے پرکشش ہے یہی وجہ ہے کہ منگل کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 1344.95پوائنٹس بڑھ کر 113,088.48پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 502.31پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس35308.90پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیٰکس809.42پوائنٹس بڑھ کر 70076.70پوائنٹس اورکے ایم آئی30 انڈیکس 3165.09پوائنٹس کی تیزی سے 169985.58پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری تیزی سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 161ارب 10کروڑ48لاکھ58ہزار814روپے بڑھ کر 139کھرب 48ارب83 کروڑ33 لاکھ87 ہزار123روپے پر جا پہنچا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو 20ارب روپے مالیت کے54کروڑ50لاکھ5ہزار 593حصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ روزپیر کو 19ارب روپے مالیت کے51 کروڑ11 لاکھ94 ہزار 686 شیئرز کا کاروبار ہوا تھا ۔گذشتہ روز مجموعی طور پر 446کمپنیوں کا کاروبار ہوا جسمیں سے255 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،139میں کمی اور52کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار ی سرگرمیوں کے اعتبار سے بینک آف پنجاب20کروڑ8لاکھ ،پاور سیمنٹ2کروڑ57لاکھ ،ورلڈ کال ٹیلی کام 2کروڑ18لاکھ ،پی ٹی سی ایل1کروڑ97لاکھ ،ٹی پی ایل پراپرٹیز 1کروڑ62لاکھ اور کے الیکٹرک 1کروڑ17لاکھ شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہے۔قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے نمایاں اضافہ رفحان میز پروڈکٹ کمپنی اورلکی سیمنٹ کے شیئرزکا بھائو میں ہوا جنکی قیمتیں 140.28روپے اور55.35روپے اضافے سے بالترتیب 9529.61 روپے اور 1459.65روپے ہو گئیں جبکہ سب سے زیادہ کمی پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈاورسفائر فائبر لمٹیڈ کے حصص کے داموں میں رہی۔