شہدادپور،سگ گزیدگی میں اضافہ ،3 سالہ بچے پر حملہ

15

شہدادپور(نمائندہ جسارت )آوارہ کتوں کا 3 سالہ بچے پر حملہ، چہرہ بری طرح زخمی۔تفصیلات کے مطابق شہدادپور کے نواحی علاقے گولو پیر میں ایک افسوسناک واقعہ میں آوارہ کتوں نے تین سالہ معصوم بچے پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا ۔ گاؤں گولو پیر کے رہائشی تین سالہ بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک آوارہ کتوں نے اس پر حملہ کر دیا۔ کتوں نے بچے کے چہرے کو بری طرح نوچ لیا جس سے اس کا چہرہ شدید زخمی ہو گیا۔ بچے کو فوری طور پر سمس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے مزید علاج کے لیے حیدرآباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق بچے کی حالت تشویشناک ہے اور اسے پلاسٹک سرجری کی ضرورت ہے۔ بصورت دیگر بچے کا چہرہ ہمیشہ کے لیے داغدار ہو جائے گا۔دوسری جانب بچے کے والدین نے کہا کہ ہم پلاسٹک سرجری کے اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے حکومت اور مخیر حضرات سے مدد کی اپیل کی ہے۔علاوہ ازیں واقعے نے علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔