کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بغیر پیشگی اجازت کے کے ایم سی کی سڑکوں کو نہ کاٹا جائے اور جن سڑکوں کو یوٹیلیٹی سروسز کی فراہمی کے لئے کاٹنا ضروری ہو تو اس کی تحریری طور پر اجازت لی جائے بصورت دیگر ایسے اداروں کے خلاف ایف آئی آر سمیت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی نے منگل کے روز سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے ایک وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کیا، وفد کی قیادت ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر SSGC سعید رضوی کر رہے تھے، میونسپل کمشنر افضل زیدی، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق خان یوسف زئی اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کی 106 سڑکوں کی روڈ کٹنگ کی فیس کا حق صرف کے ایم سی رکھتی ہے، اگر کوئی ادارہ روڈ کٹنگ فیس کے ایم سی کے علاوہ یا کسی اور ادارے یا ٹاؤنز کے پاس جمع کراتا ہے تو وہ ازخود اس کا ذمہ دار ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے جن 106 سڑکوں کا نوٹیفکیشن ہوچکا ہے ان کی دیکھ بھال اور تعمیر و مرمت کے ایم سی کی ذمہ داری ہے، میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی ان سڑکوں کی دیکھ بھال اور تعمیر و مرمت پر اربوں روپے خرچ کرتی ہے۔