چیمپئنز ٹرافی: وارم اپ میچ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں پاکستان شاہینز کو شکست

182
Pakistan Shaheens defeated by South Africa

کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے وارم اپ میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان شاہینز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز اسکور کیے۔ کپتان محمد ہریرہ نے شاندار سنچری جڑتے ہوئے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 112 رنز کی اننگ کھیلی۔اس کے علاوہ امام الحق نے 94 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 98 رنز بنا ئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے پیٹر ملڈر نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔مارکو یانسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔323 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے 7 وکٹوں پر 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔جنوبی افریقا کی جانب سے 4 کھلاڑیوں نے نصف سنچری اسکور کی۔ راسی وان ڈیر ڈوسن 62، ریان ریکیلٹن 57، ٹونی ڈی زورزی 55 اور ایڈن مارکرم نے 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ پیٹر ملڈر 30 گیندوں پر 3 چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان شاہینز کی جانب سے مہران ممتاز اور نیازی خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہورہا ہے۔ افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔