کہیں نہیں لکھا کہ سویلنز کا کورٹ مارشل نہیں ہو سکتا، سپریم کورٹ

201
The Judicial Commission approved the appointment

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت ہوئی ، جس میں جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ بین الاقوامی اصولوں میں کہیں بھی یہ نہیں لکھا کہ سویلنز کا کورٹ مارشل نہیں ہو سکتا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران 9 مئی کے ملزم ارزم جنید کے وکیل سلمان اکرم راجا نے اپنے دلائل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی بات رکھنے کےلیے آدھے گھنٹے کا وقت دیا جائے، جس پر  جسٹس جمال مندوخیل نے مقررہ وقت میں دلائل مکمل کرنے کی اجازت دے دی۔

سلمان اکرم راجا نے اپنے ملزموں کے حق میں  دلائل دیتے ہوئے   کہا کہ سویلنز کے بنیادی حقوق کو ختم کرکے کورٹ مارشل نہیں کیا جا سکتا اور یہ بین الاقوامی تقاضوں کے بھی خلاف ہے، بین الاقوامی قوانین کے مطابق ٹرائل کا عمل کھلی عدالت میں آزادانہ اور شفاف ہونا ضروری ہے اور فیصلے پبلک ہونے چاہیے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے راجا اکرم کے دلائل  مکمل ہونے پر پوچھا کہ اگر بین الاقوامی اصولوں پر عمل نہ کیا جائے تو اس کا کیا نتیجہ ہوگا؟ جس پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ ٹرائل شفاف نہیں ہوا۔