اسلام آباد: پاکستان کا پہلا چاند روور مشن 2028 میں روانہ کیا جائے گا اور اس کے لیے سپارکو (پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن) نے ملک بھر میں ایک خصوصی مقابلے کا آغاز کر دیا ہے جس میں عوام کو چاند روور کے لیے نام تجویز کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق سپارکو کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے چاند روور کے لیے بہترین نام تجویز کرنے والے کو ایک لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا، اس مقابلے کا مقصد عوام کو خلائی تحقیق اور پروگراموں میں شراکت داری کی ترغیب دینا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ “چاند روور کا نام تجویز کرکے آپ نہ صرف ایک اہم تاریخی لمحے کا حصہ بنیں گے بلکہ خلائی تحقیق میں پاکستان کے کردار کو بھی مزید مستحکم کریں گے۔”
سپارکو نے اس مقابلے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانی شہری اس میں حصہ لے سکتے ہیں اور اپنے نام تجویز کرنے کے لیے ویب سائٹ یا دیگر مقررہ چینلز کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں جو بھی نام منتخب ہوگا وہ پاکستان کے چاند روور کے مشن کا حصہ بنے گا اور عالمی سطح پر اسے تسلیم کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہاکہ یہ مقابلہ ایک شاندار موقع فراہم کرتا ہے تاکہ پاکستانی شہری اس اہم مشن کا حصہ بن کر قومی سطح پر خلائی تحقیق کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
خیال رہےکہ پاکستان کا چاند روور مشن 2028 میں روانہ کیا جائے گا اور یہ پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، اس مشن کا مقصد چاند کی سطح پر تحقیق اور مختلف سائنسی تجربات کرنا ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کی خلائی تحقیق میں ترقی ہو گی بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا خلائی شعبے میں مقام مزید مستحکم ہوگا۔