حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیک ڈور رابطے ختم

131

اسلام آباد : حکومت اوراپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے لیے بیک ڈور رابطے بھی ختم ہوگئے، تحریک انصاف نے مذاکرات کے لیے اسپیکر سے رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے فیصلے کے باوجودمذاکراتی کمیٹی ختم کرنے سے انکار کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر اورپارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطے میں تھے، دونوں رہنمائوں نے اسپیکر پر زور دیا تھا کہ وہ جوڈیشل کمیشن قائم کروا دیں تو مذاکرات دوبارہ شروع ہو جائیں گے، اسپیکر نے اپوزیشن کا یہ مطالبہ حکومت تک پہنچایا تھا تاہم حکومت نے مشروط مذاکرات کو بلیک میلنگ قرار دے دیا تھا، اسپیکر نے از خود کمیشن کی تشکیل سے معذوری ظاہر کی تھی۔

اسپیکر کے انکار کے بعد بیک ڈور رابطے بھی ختم کردیئے گئے ہیں، اس وقت حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان بھی کسی قسم کے رابطے نہیں ہیں۔ تحریک انصاف نے اسپیکر سے اب دوبارہ مذاکرات کے لیے رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دوسری جانب اسپیکر ایاز صادق نے تحریک انصاف کے فیصلے کے باوجود مذاکراتی کمیٹی ختم کرنے سے انکار کر دیا۔