بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا ہے آپ جو مرضی پریشر ڈال لیں ڈیل نہیں کروں گا۔
راولپنڈی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کی صحت خراب ہونے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں، وہ بالکل صحت مند ہیں ،انھیں جیل میں سہولیات فراہم ہو رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے فیملی کی ملاقات ہوئی ہے، عمران خان ورزش کرتے اور کم کھانا کھاتے ہیں، آج بھی جیل انتظامیہ نے کہا کہ آرڈر ہے بشریٰ بی بی سے ملاقات نہیں کروائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کرنا کیا چاہتے ہیں ہمیں سمجھ نہیں آرہی، جیل سے دو کلومیٹر پہلے ہماری گاڑی روکی گئی، سلمان اکرم راجہ اور ایڈووکیٹ جنرل کے پی کو روکا گیا، ہمیں بھی 50 منٹ روکا گیا پھر اجازت ملی تو ہمیں اڈیالہ آنے دیا گیا۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ ہمیں کیا فرق پڑتا ہے کوئی پارٹی میں آئے یا نہ آئے، ہمارے لیے بانی پی ٹی آئی اہم ہے، جیل رولز اور کورٹ آرڈر کی یہاں کوئی وقعت نہیں ہے۔