لاہور(وقائع نگارخصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے نظریے اور بیا نیے کے ساتھ کھڑی ہے۔ملک کے اند رفارم47کی جعلی حکومت قائم، جو کہ عوامی میندیٹ کی توہین ہے۔ ہم عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے۔حکومت کئے گئے معاہدے کی ایک ایک شق ہر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقات، اراکین اسمبلی، سول ملٹری بیوروکریسی اور ججز اپنی مراعات کے لیے ایک ہو گئے، عوام صحت، تعلیم سمیت بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، نوجوان اور پروفیشنلز مایوس ہو کر ملک سے بھاگ رہے ہیں، تنخواہ دار طبقہ انتہائی اذیت کا شکار ہے۔جماعت اسلامی عوام کو حالات کے رحم و کرم پر تنہا نہیں چھوڑ سکتی۔ سب سیاسی جماعتیں اقتدار کو انجوائے کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے مالی بدعنوانی،ٹیکس چوری، حوالہ ہندی، اسمگلنگ میں ملوث افراد کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہو گا۔ بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات، چینی، آٹا سب کچھ عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے۔ مہنگائی کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے۔ ملک و قوم آج جس نہج پر پہنچ چکے ہیں اس میں سب سے بڑا ہاتھ کرپٹ ٹولے کا ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو زندہ درگور کر دیا ہے، مہنگائی کے ستائے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہا کہ پورا نظام ہی کرپشن کی نذر ہو چکا ہے۔ مافیا نے سسٹم کو یرغمال بنایا ہوا ہے، کبھی آٹا مافیا، کبھی چینی مافیا، پیٹرول مافیا،اجناس مافیا، لینڈ مافیا اور فارماسو ٹیکل مافیا عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیتا ہے۔ جماعت اسلامی اس ملک میں کرپشن اور کرپٹ عناصر کا خاتمہ چاہتی ہے۔ ملک کو کرپشن سے پاک نہ کیا گیا تو حالات مزید سنگین ہو جائیں گے، ہر شعبہ تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے، کرپشن کی اس بہتی گنگا میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے برابر کا حصہ ڈالا ہے۔محمد جادید قصوری نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ٹو نے پورے معاشی نظام کو ہی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ حکمرانوں کی کارکردگی دعووں، وعدوں، زبانی کلامی اور ڈنگ ٹپاؤ اقدامات تک محدود ہے۔