کراچی( اسٹاف رپورٹر)مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے الحدید ٹائون کراچی میں استقبال رمضان کے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے رمضان المبارک میں انسانوں کے لیے بہترین ٹریننگ کا بندوبست کیا ہے، یہ ایک ایسی تربیت ہے جودنیا کی کسی بھی یونیورسٹی میںمیسر نہیں، روزہ انسان کو انسانیت کی معراج تک پہنچاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں جس ملک میں واقع ہیں، وہاں کے حکمران کرپٹ اور مالی بددیانتی میں ملوث ہیں، پاکستان میں بھی رولنگ کلاس طبقہ ان یونیورسٹیوں سے تعلیم یافتہ ہے، یہی لوگ ملک پر حکمرانی کرتے ہیں، آج ملک کا بچہ بچہ لاکھوں روپے کا مقروض ہے۔ رمضان المبارک اور روزہ انسانیت کو اخلاقی لحاظ سے ایمان دار بناتا ہے۔ موجودہ اور سابق حکمران جماعتوں نے ملکی وسائل لوٹے اور مال بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ ہو جائے تو پاکستان چند عرصے میں ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے۔ سابق امیر ضلع ملیر محمد اسلام اور ناظم علاقہ عبدالعزیز ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔