نیشنل پولیس اکیڈمی کو ملٹری اکیڈمی کاکول کی طرز پر استوار کرنے کا فیصلہ

84

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) نیشنل پولیس اکیڈمی کو ملٹری اکیڈمی کاکول کی طرز پر استوار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمیٹی روم میں اکیڈمی کی تنظیم نو کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس احمد نے این پی اے کی تنظیم نو کے ماسٹر پلان کے بارے میں وزیر داخلہ کو بریفنگ دی ، محسن نقوی نے ضروری تبدیلیوں کے بعد ماسٹر پلان دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کی، نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیم نو کے پروجیکٹ پر مرحلہ وار عمل درآمد ہو گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کو ملٹری اکیڈمی کاکول کی طرز پر استوار کیا جائے گا، جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکنِیکل ٹریننگ سینٹر، انڈور اور آؤٹ ڈور فائرنگ رینج بھی بنائی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریڈ گراؤنڈ کو بڑا اور خوبصورت بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اکیڈمی میں ایلیٹ فورس ٹریننگ اسکول بھی بنے گا، ہمارا مقصد نیشنل پولیس اکیڈمی کو ایک بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنانا ہے جہاں بیرون ملک سے بھی افسران تربیت کے لیے آئیں۔