ٹرمپ کا عالمی گریٹ گیم اور نیو ورلڈ آرڈر کی تیاری

180

یہ تحریر ایک ایسے شخص کے متعلق ہے جس کی مخالفت جہاں زورو شور سے کی جاتی ہے وہیں اس کا اقتدار ہر مرتبہ دنیا کو ایک نیا نقشہ یعنی ایک نیا ولڈآرڈر دیتا ہے۔ مہاتما گاندھی نے کہا تھا کہ:

First they ignore you, then they laught at you, then they fight you, then you win.

ٹرمپ اور اس کی حکمرانی کا خاکہ کچھ اسی طرح کی منظر کشی کرتا ہے۔ دراصل ٹرمپ ہمیشہ سے جنگل کے قانون کا حامی رہا ہے، جس کا ثبوت اس نے منتخب ہوتے ہی اہم اقدامات کے ساتھ دیا یعنی امریکا سے لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرنا، پاناما کینال پر امریکی قبضہ، میکسیکو کی سرحد پر ملٹری فورس کے ذریعے ایمرجنسی نافذ کرنا، سیاسی پناہ اور پیدائشی حق شہریت کو ختم کرنا، موت کی سزا کو دوبارہ متعارف کرانا، پیرس معاہدے سے دستبردار ہونا، قابل تجدید ذرائع سے واپس فوسل فیولز پر منتقلی اور پرو فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں اور اسی طرح ولڈ ہیلتھ آرگنائزیشن سے دستبرداری اور نئی جہتوں کے ساتھ معاشی، سیاسی اور اقتصادی جنگیں شامل ہیں۔ اور مسلمانوں کے لیے سب سے اہم پالیسی کہ غزہ کو دوبارہ آباد کریں گے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ آنے والے وقت میں اپنے گندے عزائم اور دنیا کے لیے ایک نئے محاذ کا صاف اعلان کر چکا ہے جو نہ صرف عالمی صورتحال کو بلکہ تیسری دنیا اور مشرق وسطیٰ کو خصوصاً بری طرح متاثر کرنے والا ہے غرض نئے عالمی نظام کے نفاذ کے لیے عملی اقدامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

دنیا کو گریٹ وارز سے گزارتے ہوئے گریٹ اسٹرائیک کے ذریعے نئے آرڈر کی طرف دھکا دے دیا گیا ہے۔ انگلینڈ، جرمنی و فرانس اپنا جنگی بجٹ بڑھا چکے ہیں۔ یوکرائن وار روس میں داخل ہو چکی ہے۔ عالمی اداروں کی توڑ پھوڑ جاری ہے، 330 روزہ فلسطین اسرائیل جنگ میں اقوام متحدہ اور عالمی عدالتیں اسرائیل کو جنگ بندی پر راضی کرنے میں مکمل ناکامی کا شکار ہیں۔ ایران کے سیکورٹی زون میں گھس کر حملے کیے جاتے ہیں۔ دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت پاکستان مجبور و بے بس دکھائی دے رہی ہے اور اپنے دفاعی بجٹ سے زیادہ ’’پاور جنریشن‘‘ مافیہ کو کپیسٹی چارجز کے نام ادائیگیوں پر مجبور ہے۔دنیا کی سب سے بڑی اسلامی عرب ریاست کے سربراہ سرعام کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ اسرائیل کو تسلیم کرتے ہیں تو ان کے عوام اور اگر نہیں کرتے تو طاغوتی طاقتیں انہیں قتل کر دیں گی۔ روس یوکرائن کی شکل میں یورپ جنگ کے دھانے پر کھڑا ہے۔ کسی بھی وقت ایران کو جنگ میں دھکا دیکر امریکا کو بھی اس میں الجھایا جاسکتا ہے اور علاقائی جنگ کی قیادت اسرائیل اپنے ہاتھ لیتے ہوئے اعلانیہ ’’مڈل ایسٹ‘‘ کو متاثر کرسکتا ہے۔

پاکستان کو معاشی بدحالی میں دھکا دینے کی بات ہو یا اس کا تعلق دنیا میں ہونے والے کسی بھی قابل ذکر واقعے سے یہ سب سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایک ہی گریٹ گیم کا حصہ ہیں کہ جس پر عالمی شیطانی منصوبہ ساز دنیا کو ایک ایسے دہانے پر لانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں جہاں سب ایک دوسرے کے خون کے پیاسے ہو جائیں گے۔ مگر افسوس کہ کچھ مسلم ممالک میں جہاں خون کی ہولی کئی برسوں سے جاری ہے اور دیگر ممالک اس میں تماشائی بنے ہوئے ہیں اس طرح ایک دن مسلمان اپنی ساخت کھو سکتے ہیں، مسلمانوں کے لیے لازم ہے کہ وہ ایسی پالیسیوں پر کام کریں جو انہیں اس گریٹ گیم کا نشانہ بننے سے روک سکیں۔