کراچی کے پروفیسر کی بڑی کامیابی: ماحول دوست اور سستی سیمنٹ تیار

236

کراچی: پاکستان میں تعمیراتی صنعت کے لیے ایک انقلابی پیشرفت سامنے آئی ہے، این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر طارق جمیل نے ماحول دوست، سستی اور پائیدار سیمنٹ تیار کر لی ہے، اس سیمنٹ کی تیاری میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو نمایاں طور پر کم کیا گیا ہے، جو ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق پروفیسر طارق جمیل نے آٹھ سال کی تحقیق اور محنت کے بعد ایک ایسی سیمنٹ تیار کی ہے جو روایتی کالی سیمنٹ کے مقابلے میں 40 فیصد کم کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرتی ہے۔

پروفیسر طارق جمیل کاکہنا تھا کہ   یہ ماحول دوست سیمنٹ روایتی سیمنٹ کے مقابلے میں 25 فیصد سستی اور 10 گنا زیادہ پائیدار ہوگی،یہ نئی پائیدار سیمنٹ روایتی سیمنٹ کے مقابلے میں کئی اہم فوائد رکھتی ہے،یہ سیمنٹ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرے گی اور گرین ہاؤس گیسز کے اثرات کو محدود کرنے میں مدد دے گی۔

انہوں نے مزید کہاکہ  عام سیمنٹ کے مقابلے میں 25 فیصد کم قیمت اور 10 گنا زیادہ پائیداری کی حامل ہے، جس سے تعمیراتی اخراجات میں کمی آئے گی، اس سیمنٹ سے بنی عمارتیں گرمیوں میں ٹھنڈی اور سردیوں میں گرم رہیں گی، جس سے توانائی کی بچت ہوگی۔

پروفیسر کا کہنا تھا کہ  نمکین پانی اور سمندری ہوا کی وجہ سے عمارتوں کے سریے کو زنگ لگنے کا خطرہ رہتا ہے، لیکن یہ سیمنٹ سریے کو محفوظ رکھے گی، جو سمندری علاقوں میں ایک بڑی سہولت ہوگی۔

پروفیسر طارق جمیل کا کہنا تھا کہ یہ سیمنٹ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں تعمیراتی صنعت میں انقلاب برپا کر سکتی ہے۔ اگر حکومت اور صنعتیں اس منصوبے کی سرپرستی کریں تو پاکستان عالمی سطح پر ماحول دوست تعمیراتی مواد تیار کرنے والا ایک اہم ملک بن سکتا ہے۔