پیپلزپارٹی سندھ کی سب سے بڑی دشمن جماعت ہے،احمد شیخ

87

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت )جئے سندھ قومی محاذ تعلقہ حیدرآباد دیہی ٹنڈو جام کے چیف آرگنائزر احمد شیخ کی قیادت میں دریائے سندھ کے پانی پر ڈاکے اور دریائے سندھ سے 6 غیر قانونی نہریں نکالنے کے خلاف احتجاجی پیدل مارچ کیا گیا پیپلزپارٹی سندھ کی سب سے بڑی دشمن جماعت ہے اس نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے ہمیشہ سندھ کے حقوق کا سودا کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جئے سندھ قومی محاذ کے زیر اہتمام احتجاجی مارچ کھیسانہ موری سے ٹنڈو جام پریس کلب تک کیا گیا جس میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، کارکنوں اور عام شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے دریائے سندھ سے غیر قانونی نہریں نکالنے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ سندھ کے پانی پر ہونے والا ڈاکا فوری طور پر بند کیا جائے، مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ تھے جن پر سندھ کے پانی کے حق میں اور غیر قانونی نہروں کے خلاف نعرے درج تھے ۔ٹنڈو جام پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جئے سندھ قومی محاذ کے چیف آرگنائزر احمد شیخ نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ کی اور سندھ کے حقوق کی سب سے بڑی دشمن جماعت ہے اس نے ہمیشہ وفاق سے مل کر سندھ کے حقوق پر اپنے ذاتی مفادات کی خاطر ڈاکا ڈالا ہے حکومت کی جانب سے دریائے سندھ سے 6 غیر قانونی نہریں نکالنا سندھ کے پانی پر ڈاکا ہے جو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ان غیر قانونی نہروں کی وجہ سے سندھ کی زرخیز زمینوں کو مکمل پانی نہیں ملے گا جس سے سندھ کی زمینیں بنجر ہو سکتی ہیں اور یہاں کے کسان اور آبادگار شدید متاثر ہوں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کو اپنے وسائل پر مکمل حق حاصل ہے اور سندھ کے پانی پر کسی بھی ڈاکے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان ڈیموں اور غیر قانونی نہروں کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور جب تک مطالبات منظور نہیں ہوتے، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔