میلوں کے انعقاد کا مقصد ثقافت کو فروغ دیناہے ،سید ذوالفقار

79

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ کینالوں کے خلاف ہیں،میلوں کے انعقاد کا مقصد ثقافت کو فروع دینا ہے شاہ لطیف ،سچل سرمت اور قلندر کے امن کے پیغام کو عام کررہے ہیں۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے جیکب آباد کے میہر شاہ گرائونڈ میں گھوڑوں کی دوڑ کے مقابلے کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے زیب خان پہنور، سردار چنگیز پہنور ،ضلعی صدر پیپلزپارٹی لیاقت لاشاری ،رافع جکھرانی ،کمشنر میرپور خاص فیصل عقیلی ،ڈی سی نواب سمیر لغاری ،ایس ایس پی صدام خاصخیلی اور دیگر موجود تھے۔سید ذولفقار شاہ نے مزید کہا کہ سندھ میں روائتی ثقافتی میلوں کا رجحان ختم ہورہا ہے،ان میلوں کو زندہ رکھنے کیلئے ہم کوشش کررہے ہیں،ہمیشہ ڈاکو راج کی بات کیجاتی ہے مگر اصل میں یہ آج کا ایونٹ مثبت چہرہ ہیں،میلوں کو فروغ دے کر مہنگائی سے پریشان عوام میں خوشیاں بانٹ رہے ہیں گھوڑے پالنے والوں کی تنظیم بنا کر انکی حوصلہ افزائی کے لئے ہر سال سندھ حکومت فنڈ جاری کرے گی گھوڑے سواروں سے میٹنگ رکھی ہے ،سندھ ہارس اینڈ کیٹل شو تاریخی ہے اگلی بار محکمہ لائیو اسٹاک اور اسپورٹس مل کر اس میلے کا انعقاد کیا جائے گا،یہ نوجوانوں کو نشے اور بری صحبت سے بچا کر صحتمند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کی کوشش بھی ہے لاڑکانہ میں فیسٹیول جاری ہے جس میں ہزاروں لوگ شرکت کررہے ہیںآکاش انصاری اور ڈاکٹر ذوالفقار سیال سندھ کی علمی اور ادبی شخصیت تھے جو اس دنیا سے چلے گئے نوجوان انکی تحریروں کو پڑھیں رہنمائی حاصل کریں ،آکا ش انصاری کے واقع کا سندھ حکومت نے فوری نوٹس لیا انکی تدفین کی جارہی تھی ڈی آئی جی حیدر آباد سے بات کی جس کے بعد میت کو واپس لاکر پوسٹ مارٹم کرایا گیا جس کے رپورٹ کے مطابق انکے جسم پر تشدد او رخنجروں کے نشان ملے ہیں میں کل خود بھی ورثہ سے تعزیت کرنے جائوں گا،جیکب آباد میں نامور شاعر کے نام سے منسوب گدائی لائبریری کی بندش کے سوال پر انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں موجود لائبریریز پر کام شروع کرنے جارہے ہیں،جیکب آباد میلے کی تقریبات میں شہر کے ایم پی اے اور سابق وزیر کی عدم شرکت پر انکا کہنا تھا کہ وہ شہر میں موجود نہیں تھے اس لئے نہیں آئے میری ان سے آنے سے پہلے بات ہوئی تھی ،سندھ ہارس اینڈ کیٹل شو کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے پہلی ایڈوانس 2کروڑ کی گرانٹ کے باوجود میلے کو محدود کرنے کے سوال پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ آئندہ سب سے مشاورت کے بعد میلے کا انعقاد کیا جائے گا۔