روہڑی قومی شاہراہ پر ٹریفک جام ،شہریوں کو پریشانی کا سامنا

113

سکھر(نمائندہ جسارت)روہڑی قومی شاہراہ پر ٹریفک جام برقرار،گاڑیوں کی لمبی قطاریں، مسافر دہری اذیت کا شکار،بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق سکھر انتظامیہ بالخصوص روہڑی انتظامیہ کی ناقص کاکردگی کی بدولت روہڑی قومی شاہراہ پر ٹریفک جام برقرار رہنے کی وجہ سے قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنا شروع ہوگئی ہے ٹریفک جام کی وجہ سے مسافر اذیت کا شکار دکھائی دے رہے ہیں انتظامیہ کی غفلت سے ہزاروں گاڑیاں قطاروں میں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ ٹریفک جام کی وجہ مسافروں کو کھانے پینے کی سہولیات کا فقدان بھی نظر آرہا ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال درگاہ صدر الدین شاہ بادشاہ اور حضرت لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے موقع پر ملک بھر سے زائرین سے بھری مسافرگاڑیاں روہڑی کی قومی شاہراہ سے گزرتی ہیں تاہم انتطامیہ کی جانب سے بلند و بانگ دعوی تو کیے جاتے ہیں لیکن ٹریفک مسائل کے حل کیلیے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے ٹریفک جام میں پھنسے مسافروں کا اس صورتحال پر کہنا ہے کہ ہر سال ایونٹس کے دوران ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے مسافروں نے شکوہ کیا کہ روہڑی میں ٹریفک جام سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے سہون اور روہڑی ایونٹس پر ٹریفک مسائل کیوں ہیں سمجھ سے بالا تر ہے ٹریفک انتظامات میں بہتری دکھائی نہیں دیتی، مسافروں نے بالا حکام و دیگر بالا افسران و انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پیشگی اقدامات سے ٹریفک کا مسئلہ حل کیا جائے تاکہ مسافر گاڑیوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔