لوگ تم سے پوچھتے ہیں کہ قیامت کی گھڑی کب آئے گی کہو، اْس کا علم تو اللہ ہی کو ہے تمہیں کیا خبر، شاید کہ وہ قریب ہی آ لگی ہو۔ بہرحال یہ یقینی امر ہے کہ اللہ نے کافروں پر لعنت کی ہے اور ان کے لیے بھڑکتی ہوئی آگ مہیا کر دی ہے۔ جس میں وہ ہمیشہ رہیں گے، کوئی حامی و مدد گار نہ پا سکیں گے۔ جس روز ان کے چہرے آگ پر الٹ پلٹ کیے جائیں گے اْس وقت وہ کہیں گے کہ ’’کاش ہم نے اللہ اور رسولؐ کی اطاعت کی ہوتی‘‘۔ اور کہیں گے ’’اے رب ہمارے، ہم نے اپنے سرداروں اور اپنے بڑوں کی اطاعت کی اور انہوں نے ہمیں راہِ راست سے بے راہ کر دیا۔ (سورۃ الاحزاب:63تا67)
نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس مومن نے کسی مومن کو بھوک کی حالت میں کھانا کھلایا تو اللہ تعالیٰ اُسے جنت کے پھل کھلائے گا، اور جس مؤمن نے کسی مؤمن کو اس کی حالت پیاس میں پانی پلایا تو اللہ اس کو جنت کی سربستہ شراب پلائے گا۔ اور جس مومن نے کسی مومن کو برہنگی کی حالت میں لباس دیا تو اللہ تعالیٰ اسے جنت کا سرسبز ریشمی لباس زیب تن کرائے گا۔
(ابوداود، ترمذی)