
عالمی پابندیوں سے بچنے کیلیے پولیو پر قابو پانا ناگزیر ہے‘ چیف سیکرٹری بلوچستان
کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان پولیو پر قابو پانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر مہلک مرض پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو ہمیں بین الاقوامی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کےچیف سیکرٹری نے بِگ کیچ اپ حفاظتی ٹیکہ جات مہم سے متعلق بتایا کہ کیونکہ رقبے کے حساب سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی بگ کیچ اپ مہم کا آغاز ہوچکا ہے، لہٰذا اس مہم میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسینیشن پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں بِگ کیچ اپ مہم 28 فروری تک جاری رہے گی، جس کے لیے 1500 سے زائد ویکسی نیشن ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
چیف سیکرٹری بلوچستان نے والدین، کمیونٹی لیڈرز، مذہبی و سماجی شخصیات کو زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں۔