سعودی عرب سمیت 11 ممالک سے 173 پاکستانی ڈی پورٹ، 24 کراچی میں گرفتار

208
deported

کراچی: سعودی عرب میں مختلف وجوہات کی بنا پر 94 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا، جن میں بلیک لسٹ افراد، بھیک مانگنے، منشیات فروشی، غیر قانونی قیام، کفیل کے بغیر کام کرنے، ملازمت سے مفرور افراد اور معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق  مجموعی طور پر مختلف ممالک سے 173 پاکستانیوں کی بے دخلی کی گئی ہے، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عمان، برطانیہ، قطر، تھائی لینڈ، عراق، قبرص، انڈونیشیا، موریطانیہ اور تنزانیہ سمیت 11 ممالک سے مجموعی طور پر 173 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔

سعودی عرب سے 94 پاکستانی بے دخل

سعودی عرب میں بلیک لسٹ افراد، بھیک مانگنے، منشیات فروشی، غیر قانونی طور پر قیام کرنے، کفیل کے بغیر کام کرنے، معاہدے کی خلاف ورزی اور ملازمت سے فرار ہونے والوں کو حراست میں لینے کے بعد پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔

دیگر ممالک سے بے دخلی کی تفصیلات

عمان سے 3، تھائی لینڈ سے 1،عراق سے 9، برطانیہ اور قبرص سے 2، 2 پاکستانیوں کو نکالا گیا جبکہ موریطانیہ سے انسانی اسمگلنگ کے الزام میں 5، انڈونیشیا سے 4، قطر سے ناکافی اخراجات کے ساتھ پہنچنے والے 2 پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا ہے۔ اسی طرح تنزانیہ سے 1،متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) سے 39 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے، متحدہ عرب امارات میں جیل سے رہا ہونے کے بعد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے 39 پاکستانیوں کو کراچی بھیج دیا ہے، جن میں 7 ایسے افراد بھی شامل تھے جو آئی بی ایم ایس (امیگریشن ڈیٹا بیس) میں بلیک لسٹ قرار دیے جا چکے تھے۔