اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5 بجے ہوگا،اجلاس کے لیے 17 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہےجس میں اہم قانون سازی، توجہ دلاؤ نوٹس اور مختلف کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی جائیں گی۔
قومی اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی سڑکوں کی خستہ حالی پر توجہ دلاؤ نوٹس شامل کیا گیا ہے جبکہ وزیراقتصادی امور احد چیمہ دیوانی ملازمین (ترمیمی) بل 2025 پیش کریں گے۔
وزیر قانون و انصاف اور پارلیمانی امور دیوانی عدالتیں (ترمیمی) بل پیش کریں گےجبکہ وزیر داخلہ پاکستان ساحلی محافظین (ترمیمی) بل منظوری کے لیے ایوان میں رکھیں گےاس کے علاوہ انسانی اسمگلنگ کی روک تھام ایکٹ 2018 میں مزید ترمیم کا بل بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگا، اور وزیر داخلہ مہاجرین کی اسمگلنگ کے تدارک کا ترمیمی بل 2025 پیش کریں گے۔
سینیٹ سے منظور کردہ امیگریشن (ترمیمی) بل 2025 بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا اور چیئرمین قائمہ کمیٹی دفاع فتح اللہ خان کمیٹی کی میعادی رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے۔
اجلاس میں جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے ارکان کی جانب سے سرکاری یونیورسٹیوں کو درپیش مالی مشکلات پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا ۔