ابوظہبی : آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ کے اضافی ٹکٹ بھی فوراً فروخت ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک بھارت ٹاکرے کے آن لائن ٹکٹس کی خریداری کے لیے 20 سے 30 ہزار شائقین منتظر رہے مگر اضافی ٹکٹس چند ہی گھنٹوں میں فروخت ہوگئے، باقی میچز کے ٹکٹس فی الحال آن لائن موجود ہیں۔
آئی سی سی نے دبئی میں ہونے والے گروپ میچز اور پہلے سیمی فائنل کے اضافی ٹکٹوں کی فروخت آج اماراتی وقت کے مطابق دن 12 بجے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دبئی میں پاک بھارت ٹاکرے سمیت دیگر ٹیموں کے میچز اور سیمی فائنل کے ٹکٹس کی مانگ زیادہ ہونے کے سبب آئی سی سی نے اضافی ٹکٹ فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ٹکٹ حاصل کرنےوالے خوش نصیب دبئی میں 20 فروری کو بنگلادیش اور بھارت، 23 فروری کو پاکستان بمقابلہ بھارت اور 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت کے گروپ مرحلے کے آخری میچ دیکھ سکیں جبکہ 4 مارچ کو ہونے والے پہلے سیمی فائنل کے بھی محدود ٹکٹ دستیاب ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے ہوگا، ایونٹ کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ اگلے روز بھارت اور بنگلادیش مد مقابل ہوں گے۔