اسلام آباد: پاکستان نے ساتویں ایشین تائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 14 تمغے اپنے نام کر لیے ہیں جن میں دو طلائی، چار چاندی اور آٹھ کانسی کے میڈلز شامل ہیں۔
اسلام آباد میں ہونے والی ساتویں ایشین تائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ میں پاکستان کی خواتین کھلاڑیوں نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی ہے 44 کلوگرام کی کیٹگری میں عائشہ انور نے طلائی تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کیا جبکہ 49 کلوگرام کی لیڈیز کیٹگری میں ایمان خان نے بھی گولڈ میڈل حاصل کیا۔
مردوں کے مقابلوں میں بھی پاکستان کے کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے 48 کلوگرام کی کیٹگری میں احمد مزمل نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ 55 کلوگرام کی کیٹگری میں یاسر محمد نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ پاکستان تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں ایک مضبوط ملک کے طور پر ابھرا ہےاور ان میڈلز کے ساتھ کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔