نوابشاہ (نمائندہ جسارت)نوابشاہ اور خیر پور میں زائرین کی دو بسوں کو پیش آنے والے حادثات میں کم از کم 21 افراد جاں بحق اور 33سے زائد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔درگاہ قلندر لال شہباز جانے والی زائرین کی وین اور بس کو حادثہ الصباح پیش آیا۔ حادثہ تھانہ قاضی احمد نزد قاضی احمد امری پل کے نزدیک پیش آیا۔ سہون شریف میلے پر جانے والی زائرین کی وین نمبر CCA 015 کا ایک تیز رفتار ٹرالر نمبر D 2900 سے تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں وین میں سوار 5 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہو گئے،
جاں بحق اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال قاضی احمد منتقل کیا گیا ،ریسکیو 1122 شہید بے نظیر آباد کے ذریعے کچھ زخمیوں کو پی ایم سی اسپتال نواب شاہ لایا گیا۔جاں بحق ہونے والوں میں محمد ظفر ولد ولی محمد شیخ سکنہ بورے والا پنجاب، بابر علی ولد وزیر شاہ ، محمد عظیم ولد مشتاق شیخ، دلدار ولد اللہ بخش جتوئی سکنہ غریب آباد نواب شاہ، لطیف ولد محبوب جتوئی سکنہ ٹھارو شاہ جبکہ زخمیوں میں وقاص احمد شیخ ،معراج احمد شیخ، فیصل احمد شیخ، عبدالرزاق احمد شیخ، فیض احمد شیخ،شہزاد احمد شیخ ،نوید احمد شیخ شامل ہیں جن کا تعلق پناب سے ہے جبکہ دوسرا حادثہ خیرپور میں قومی شاہراہ پر لاہور سے حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کرنے کے لیے آنے والے والے زائرین کی کوچ الٹنے سے ہوا جس میں16 افراد جاں بحق اور 25 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ خیرپورکی تحصیل رانی پور میں قومی شاہراہ پر حضرت لعل شہباز قلندر کے عرس میں شرکت کے لیے جانے والے زائرین کی کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔حادثے میں 16 زائرین جاں بحق اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اور پولیس حکام موقع پر پہنچے، جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو گمبٹ اور رانی پوراسپتال منتقل کروایا۔مسافر بس لاہور سے ہارون آباد سہون جارہی تھی کہ حادثہ پیش آیا۔مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی حادثے کے مقام پر پہنچ گئی، اور انتظامیہ کی مدد کی ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رانی پور حادثے پر اظہار افسوس کیا، وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کی جائے، زخمیوں کے بہترین علاج کو یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ رانی پور حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، وزیراعلیٰ سندھ نے اپیل کی کہ عوام ڈرائیونگ کے اصولوں پر عمل کریں اور تیز رفتاری سے گریز کریں۔