5 لاکھ سولر سسٹم غریبوں میں تقسیم کریں گے‘ مراد علی شاہ

25

سکھر (نمائندہ جسارت/آصف خان )وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول کے ویژن کے مطابق سکھر ڈویژن کے 3اضلاع سکھر، خیرپور اور گھوٹکی میں عوام پر بجلی کا بوجھ کم کرنے کے لیے سولر پینلز کی تقسیم کا آغاز کیا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے سکھر میں اسپورٹس کمپلیکس میں محکمہ توانائی کے سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے تحت سولر پینلز تقسیم کرنے
کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پانچ لاکھ سولر سسٹم اسی سال غریب عوام میں تقسیم کریں گے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویڑن تھا کہ ہم نے جو مہنگی بجلی کا بوجھ غریبوں پر پڑرہا اس سے نجات دلانی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2012 کی بات ہے جب ہم نے سولرائزیشن کا پروگرام شروع کیا تھا، ہم نے تھر پارکر ضلع میں گرڈ سٹیشن نہیں سب کو سولرائز کیا، بلاول صاحب نے کہا جو بجلی مہنگی ہے اس کا بوجھ عوام پر نہیں آنے دوں گا، اس پر ہم نے عالمی بینک سے بات کی جس کے تین حصے تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سرکاری عمارتوں کو سولر پینل لگائیں، ہسپتالوں، سکولز میں جو عمارتیں ہیں ان پر سولر لگنے سے بجلی کا خرچ بچے گا ، غریب جن کا ایک کمرہ ہے وہ بجلی کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتے ، ایسے دو لاکھ گھروں کو سولر دے رہے ہیں، جس سے ایک پنکھا، تین بلب روشن اور موبائل چارج ممکن ہو گا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ سندھ کے ہر ضلع میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ان افراد کو دیں گے،پانچ لاکھ سولر سسٹم بھی اسی سال غریب عوام کو تقسیم کریں گے، اکیس لاکھ گھر بنا کر دینے ہیں، جس کے پورے دنیا میں چرچے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ نا کرے ایسا کوئی سیلاب آتا ہے تو غریب عوام کو اب ٹینٹ نہیں لگانے پڑیں گے، 2026 تک 21 لاکھ گھروں کو مکمل کریں گے ، کراچی شہر میں پندرہ ہزار ٹن سے زیادہ کچرا اکٹھا کر رہے ہیں، جس سے پچاس کے وی بجلی پیدا کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کل سے ٹریفک حادثات میں جن کی قیمتی جانیں گئیں ان کیلئے دعا مغفرت کرتے ہیں، سڑکیں بن رہی ہیں ان کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اس پر بھی وفاق سے بات کروں گا۔