کراچی(کامرس رپورٹر)صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے آگاہ کیا ہے کہ فیڈریشن نے دنیا کے سب سے اہم علاقائی اکنامک الائنس یعنی کہ یورپی یونین کے ساتھ دستیاب تجارتی، سرمایہ کاری، اقتصادی اور صنعتی تعاون کے امکانات کو بروئے کار لانے کے لیے پاک – یورپی یونین بزنس فورم کا قیام کیا ہے اور اس کا پہلا اجلاس فیڈریشن ہاؤس کراچی میں منعقد کیا ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ یورپی یونین کی مارکیٹ کو ٹھوس انداز میں اجاگر کرنا اور اس کو اپنی ایکسپورٹ بڑھانا پاکستان کی پوری معیشت کو تبدیل کر سکتا ہے؛ کیونکہ جغرافیائی مطابقت اور ریگولیٹری یکسانیت کی وجوہات کی بنیاد پر متعدد صنعتوں اور شعبہ جات میں پاکستانی مصنوعات کے لیے ایک بڑی مارکیٹ حاصل کی جاسکتی ہے۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے یورپی یونین کو پاکستان کی اہم برآمدات پر روشنی ڈالی؛ جس میں ٹیکسٹائل اور گارمنٹس؛ زرعی مصنوعات اورلیدر پراڈکٹس شامل ہیں اور ان کی ایکسپورٹ مالیت 10 ارب ڈالر سالانہ ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی سہولیات سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان کے ایکسپورٹ پورٹ فولیو کو متنوع بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ایف پی سی سی آئی کے پاک-یورپی یونین بزنس فورم کے چیئرمین زبیر باویجہ نے افتتاحی سیشن کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ یورپی یونین پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم یورپی یونین کے رکن ممالک کے لیے اپنی ایکسپورٹ باسکٹ کو متنوع، وسیع تر اور ویلیو ایڈڈ کرنا چاہتے ہیں۔ زبیر باویجہ نے واضح کیا کہ پاک – یورپی یونین بزنس فورم کی تشکیل اور فعال ہونا پاکستان – یورپی یونین کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے اور ایف پی سی سی آئی یورپی یونین کے سفارتی مشنوں؛ یو رپی تجارتی وفود اور پاکستانی کاروباری برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہے؛تا کہ، باہمی اقتصادی تعاون اور تجارت کو فروغ دینے کی مہم شروع کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹر یڈ اور انڈسٹری اسٹیک ہولڈرز کو فوکسڈ اور نتیجہ خیز سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف شعبہ جات اور مصنوعات پر مبنی ورکنگ گروپس بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔