مائن ورکرز کو دہشت گردی الائونس دیا جائے :سلطان محمد خان

90

کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن اور آل پاکستان لیبر فیڈریشن نے ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کے علاقے ٹاکری میں مائنز ورکرز کی پک اپ بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں گیارہ غریب کانکنوں کی المناک موت پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شاہر گ میں دہشت گردی کے واقع میں شہید ہونے والے گیارہ غریب کول مائن مزدوروں کے لواحقین کو دہشت گردی الائونس دیا جائے ۔پاکستان سینٹرل مائنز لیبر فیڈریشن اور آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر سلطان محمد خان ، مرکزی چیئرمین عبدالستار ، آل پاکستان لیبر فیڈریشن کے چیئرمین شاہ علی بگٹی ،انفارمیشن سیکرٹری منظور بلوچ ،حاجی سیف اللہ ، عبدالحلیم خان ، عبدلستار جونیئر ،نعیم شاہ ، حاجی یونس ، نور شاہ،سعید اللہ ، ساجد کھوکھر ،شاکر سمالانی ، سعید بلانوشی اور شاہ وزیر سمیت دیگر عہدیداروں نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ مائنز ورکرز اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے کوئلے کی کانوں میں ہزاروں فٹ نیچے موت کے منہ میں کام کرتے ہیں ،انہیں کام کے دوران سیفٹی کے حوالے سے آلات تک میسر نہیں ہیں اور نہ ہی انہیں زندگی گزارنے کیلئے بنیادی سہولیات ملتی ہیں لہٰذا ہم قاتلوں سے اپیل کرتے ہیں کہ مائن ورکرز پر رحم کریں انہیں دہشت گردی کا نشانہ بنانے اور اغوا کرکے قتل کرنے سے گریز کریں ، معصوم اور بے گناہ مزدوروں کا قتل عام کرنا نہ تو انسانیت ہے اور کسی مذہب میں بھی جائز نہیں ہے لہٰذا غریب ، معصوم اور بے گناہ مزدوروں پر رحم کیا جائے۔