غزہ /تل ابیب /واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے مزید 3 یرغمالیوں کی رہائی کے بعد اپنی حراست میں موجود 333 فلسطینیوں شہریوں کو رہا کردیا۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جیلوں سے رہائی پانے والے 333 فلسطینی قیدیوں کو لے کر بسوں کا قافلہ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس پہنچا۔ قبل ازیں اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حماس نے
اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کے تحت قیدیوں کے چھٹے تبادلے میں غزہ کے علاقے خان یونس میں 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا۔رپورٹ کے مطابق دہری شہریت رکھنے والے رہا کیے گئے 3 یرغمالیوں میں اسرائیلی امریکی ساگوئی ڈیکل چن، اسرائیلی روسی ساشا تروپانوف اور اسرائیلی ارجنٹینی یائر ہارن کو خصوصی طور پر تیار کیے ایک اسٹیج پر کھڑا کیا گیا اور کہا گیا کہ وہ ریڈ کراس کے حوالے کیے جانے سے قبل خطاب کریں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس نے غزہ میں3 یرغمالیوں کو رہا کیا جن میں امریکی شہری بھی شامل ہے، ایسا لگتا ہے کہ امریکی یرغمالی اچھی حالت میں ہے۔ سوشل میڈیا سائٹ پر اپنے بیان میں امریکی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حماس نے گزشتہ ہفتے قیدیوں کو رہا نہ کرنے کا بیان دیا تھا‘ اسرائیل کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ رات 12 بجے تک کیا حکمت عملی اپنانی ہے، آج تمام یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ڈیڈ لائن دی گئی تھی‘ صیہونی ریاست جو بھی قدم اٹھائے گی امریکا اس کی حمایت کرے گا۔