چین میں ڈوبتے شہری کو بچانے والا گھوڑا 6 دن بعد چل بسا

128

چین میں ایک شہری کو ڈوبنے سے بچانے کے لیے ریسکیو آپریشن میں شامل ہونے والا دلیر گھوڑا کچھ دن بعد بیماری کے باعث چل بسا۔

 چینی میڈیا کے مطابق اس گھوڑے کی عمر سات سال تھی اور اس نے حالیہ دنوں میں اپنی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈوبنے والے شخص کی جان بچائی تھی۔

گھوڑے کے مالک نے بتایا کہ اس کے جانور نے کبھی بھی پانی میں قدم نہیں رکھا تھا، مگر اس ریسکیو آپریشن کے دوران یہ گھوڑا پہلی بار دریا میں اتر کر ڈوبنے والے شخص کی مدد کے لیے پانی میں تیراکی کرنے لگا تھا۔

چینی ذرائع کے مطابق شہری کی جان بچانے کے چھ دن بعد گھوڑا اچانک بیمار ہو گیا، اس نے کھانا پینا چھوڑ دیا اور بخار کی علامات ظاہر ہو گئیں، مقامی حکام نے گھوڑے کا علاج کروانے کے لیے ماہر ڈاکٹرز بھیجے، مگر بدقسمتی سے 11 فروری کو وہ جانبر نہ ہو سکا اور چل بسا۔

گھوڑے کے مالک اور وہ شخص جس کی جان اس گھوڑے نے بچائی تھی، کا کہنا ہے کہ وہ خود کو گھوڑے کی موت کا ذمہ دار سمجھتا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق 4 فروری کو صوبہ ہوبی میں ایک شخص پل سے دریا میں گر گیا تھا۔ اس کی بیٹی کی طرف سے مدد کی اپیل کے بعد، شہری اپنے گھوڑے کو لے کر دریا میں اتر آیا تھا۔

چینی میڈیا کے مطابق اس دوران گھوڑے نے 40 میٹر سے زائد فاصلہ تیراکی کرتے ہوئے طے کیا، جبکہ گھوڑے کے مالک نے ایک ہاتھ سے اس کی لگام تھام رکھی تھی اور دوسرے ہاتھ سے دریا میں گرنے والے شخص کو پکڑ کر پانی سے باہر نکال لیا تھا۔