کشتی حادثے میں پاکستانی نوجوان کی ہلاکت قابل افسوس ہے

15

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی کے رہنماسردارظفرحسین خاںنے تارکین وطن کی کشتی کے حادثہ میں پاکستانی نوجوانوں کے جاں بحق ہونے پر شدیددکھ اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے حادثات میں مسلسل اضافہ تشویشناک ہے ۔ نوجوان اپنے ملک میں مناسب روزگار کے مواقع میسر نہ ہونے پر اتنے بھیانک سفر کا فیصلہ کرتے ہیں۔ ریاست کی ذمے داری ہے کہ وہ عوام کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرے تاکہ عوام کو ایسے جان لیوا فیصلوں کی ضرورت ہی نہ پڑے۔ انسانی اسمگلنگ کرنے والے پورامافیاہے جسے روکنے میں حکومت ناکام ہو چکی ہے۔اس مافیاکی سرپرستی کرنے والی بیوروکریسی میں چھپی کالی بھیڑوں کو بھی بے نقاب کرکے قانون کے دائرے میں لایاجائے۔اس مکروہ عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے بڑھنے اور پاکستانی کرنسی کے گرنے کے باعث لوگوں میں ملک سے باہر جا کر روزگار کے لیے جانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔یہ افراد مقامی ایجنٹوں کو رقم کی ادائیگی کرکے بیرونِ ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں جس میں انہیں غیر قانونی طریقے سے بارڈر کراسنگ کرائی جاتی ہے ،یہ غیرقانونی عمل کسی سرکاری سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں۔اس قبل بھی کئی دفعہ ایسے ہولناک حادثات جنم لے چکے ہیں مگر حکومت کی خاموشی معنی خیزہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ متاثرہ خاندانوں کو لاشوں کی وطن واپسی سمیت درست معلومات فراہم کی جائیں۔انہوں نے دعا کی ہے کہ اللہ کریم کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔