گھارو(نمائندہ جسارت)موٹر سائیکل حادثہ ایک ضعیف العمر شخص جاں بحق ،نعش رورل ہیلتھ سینٹر گھارو منتقل۔ تفصیلات کے مطابق گھارو کے قریب بابڑا شاہراہ پر ایک موٹرسائیکل بے قابو ہوکر گر گئی جس کے نتیجے میں جام برانچ تلی کا رہائشی بشیر عرف بشو ولد جموں جوکھیہ جو موٹرسائیکل چلا رہا تھا گر کر شدید زخمی ہوگیا جسے شدید زخمی حالت میں رورل ہیلتھ سینٹر گھارو پہنچایا گیا جہاں وہ پہنچنے سے پہلے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ضعیف العمر بشو اپنی موٹرسائیکل پر اپنے گوٹھ تلی جارہا تھا کہ اچانک اسکی موٹرسائیکل بے قابو ہوکر روڈ پر گر گئی اور روڈ پر پڑے پتھروں سے اسکا سر ٹکرانے سے زخمی ہوگیا اور خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے اسکی حالت بہت خراب ہوگئی تھی جسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔