فصلوں کی امدادی قیمتیں مقرر نہ کرنے پر کسانوں کو مالی نقصان کاسامنا ہے ،اشفاف ورک

32

لاہور (نمائندہ جسارت) مرکزی کسان تحریک کے صدر اشفاق ورک نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے فصلوں کی امدادی قیمتیں مقرر کرنے میں تاخیر اور پس و پیش سے کام لیا جا رہا ہے، جس سے کسانوں کے مالی حالات مزید ابتر ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی کسان تحریک ضلع وزیرآباد کے نومنتخب صدر ڈاکٹر افضال سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ ضلع وزیرآباد کے جنرل سیکرٹری عبدالواحد اور حافظ عظمت اللہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا زرعی شعبہ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، لیکن بدقسمتی سے یہ شعبہ ان دنوں زبوں حالی کا شکار ہے۔ پاکستان میں زرعی پیداوار اور کسانوں کی محنت کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمتیں نہ ملنے کی وجہ سے شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر فصلوں کی امدادی قیمت کا اعلان نہ کیا ، تو کسانوں کی مالی حالت مزید خراب ہو جائے گی۔ کسان پہلے ہی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور کم ہوتی پیداوار کے باعث پریشانی کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کے حالات پر رحم کھاتے ہوئے فصلوں کی امدادی قیمتوں کا فوری اعلان کرے تاکہ وطن عزیز پاکستان کا کسان اپنے پائوں پر کھڑا ہو سکے ۔