جماعت اسلامی کے تحت2 روزہ عالمی فلسطین کانفرنس آج شروع ہو گی

58

لاہو ر (نمائندہ جسارت)ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی نے کہا ہے کہ اہل غزہ وفلسطین سے یکجہتی کے لیے 2روزہ عالمی فلسطین کانفرنس آج اسلام آباد میںشروع ہوگی۔ اس 2 روزہ عالمی کانفرنس میں انٹر نیشنل ، قومی،یوتھ،پرائم میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا سیشنز منعقد ہوں گے۔آصف لقمان قاضی نے انٹر نیشنل فلسطین کانفرنس کی تفصیلات
بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے روز کے سیشن کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی پاکستان ایاز صادق کریں گے جبکہ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، ڈاکٹر اشرف عواد،حافظ عزیر علی خان اظہار خیال کریں گے۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی صدارت میں پرائم میڈیا سیشن سے قومی و بین الاقوامی میڈیا پرسنز ،سینئر تجزیہ کار،اینکر پرسنز اظہار خیال کریں گے جبکہ پہلے روز کانفرنس کا آخری بین الاقوامی سیشن کی صدارت ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان آصف لقمان قاضی کریں گے جس میں ملائیشیا ،ایران،ساوتھ افریقا،ترکیہ،اردن،موریطانہ سے آئے ہوئے غیر ملکی مندو بین اظہار خیال کریں گے۔انٹر نیشنل فلسطین کانفرنس کے دوسرے روز بین الاقوامی سیشن کی صدارت آزاد جموں و کشمیر سابق صدر مسعود احمد خان کریں گے ۔جس سے امریکا ،فلسطین،برطانیہ،شام،ڈومینیکا،غزہ،عراق سے آئے ہوئے غیر ملکی مندوبین اظہار خیال کریں گے۔انٹر نیشنل فلسطین کانفرنس کے قومی سیشن کی صدارت امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کریں گے۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم،سینیٹر مشاہد حسین سید، سینیٹر علی ظفر،سینیٹررضا ربانی،سینیٹر راجا عباس ناصر جعفری،سینیٹر (ر)جاوید جبار جبکہ ڈیجیٹل میڈیا کے سیشن سے شعیب ہاشمی ودیگر خطاب کریں گے۔