کراچی: شہر قائد میں ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح اور شہریوں کی شکایات کے پیش نظر سندھ حکومت نے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کو سڑک پر لانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے نئی ٹریفک پالیسی کے تحت مختلف سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ نمبر پلیٹس کے بغیر گاڑی سڑک پر نہیں آئے گی۔
شرجیل میمن نے کہاکہ کسی بھی گاڑی کو رجسٹریشن کے بغیر سڑک پر لانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے پاس اس وقت 80 ہزار نمبر پلیٹس موجود ہیں، لیکن عوام نے انہیں وصول نہیں کیا، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر کوئی گاڑی بغیر رجسٹریشن سڑک پر آئی تو کارروائی ہوگی۔
شو روم سے غیر رجسٹرڈ گاڑی باہر نکالنے پر شو روم سیل ہوگا
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ قانون کے مطابق کوئی بھی گاڑی جب تک رجسٹر نہیں ہوتی، وہ شو روم سے باہر نہیں آسکتی، کسی شو روم سے غیر رجسٹرڈ گاڑی باہر نکلی تو شو روم کو سیل کر دیا جائے گا اور گاڑی کو ضبط کر لیا جائے گا۔
واٹر ٹینکرز کے لیے بار کوڈ سسٹم متعارف
صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ کراچی میں واٹر بورڈ کے واٹر ٹینکرز کی فٹنس چیک کرنے کے لیے بار کوڈ سسٹم متعارف کروا دیا گیا ہے،جو واٹر ٹینکرز واٹر بورڈ کے جاری کردہ بار کوڈز کے بغیر ہوں گے، انہیں سڑک پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی، ایسے تمام غیر رجسٹرڈ واٹر ٹینکرز کو فوری روکا جائے گا۔
ہیوی ٹریفک کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار
انہوں نے مزید کہاکہ سندھ حکومت نے ہیوی ٹریفک کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے، سندھ میں داخل ہونے والے دیگر صوبوں کے ہیوی ٹرکوں کو بھی سندھ کا فٹنس سرٹیفکیٹ لینا ہوگا،حکومت نے ہیوی ٹریفک کو فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے مخصوص وقت دیا ہے تاکہ وہ قانون کے مطابق اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن مکمل کروا سکیں۔
کراچی میں ڈمپرز کے اوقات میں تبدیلی
شرجیل میمن کاکہنا تھا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے ڈمپرز اور ہیوی لوڈ گاڑیوں کے چلنے کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے، پہلے ڈمپرز کا وقت رات 11 بجے سے شام 6 بجے تک تھا،اب یہ وقت تبدیل کر کے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کر دیا گیا ہے، یہ فیصلہ عوام اور ٹرانسپورٹرز کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے تاکہ دن کے اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔