افغانستان سے سوویت افواج کے انخلاء کو 36 برس مکمل،  15 فروری “قومی افتخار کا دن” قرار

363

کابل: افغانستان میں طالبان حکومت نے 15 فروری کو قومی افتخار کا دن قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، اس دن کو سوویت یونین کے انخلاء کی 36ویں سالگرہ کے طور پر منایا جائے گا، جب 1989ء میں 10 سالہ جنگ کے بعد سابق سوویت افواج کو افغانستان سے پسپائی اختیار کرنی پڑی تھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق امارت اسلامیہ افغانستان کی جانب سے جاری سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سوویت یونین کے خلاف افغان عوام اور مجاہدین کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے 15 فروری کو قومی افتخار کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔

جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ دن اس عزم کی تجدید کرتا ہے کہ افغان قوم کسی بھی بیرونی طاقت کے تسلط کو قبول نہیں کرے گی اور اپنی آزادی و خودمختاری کی حفاظت کرے گی۔

واضح رہے کہ سابق سوویت یونین نے 1979ء میں افغانستان پر فوجی چڑھائی کی تھی، جو تقریباً 10 سال تک جاری رہی۔ افغان مجاہدین کی شدید مزاحمت اور عالمی دباؤ کے باعث 15 فروری 1989ء کو سوویت افواج کو پسپائی اختیار کرنا پڑی، جو تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ سوویت یونین کی یہ شکست نہ صرف افغانستان کی آزادی کا سبب بنی بلکہ عالمی سطح پر بھی بڑی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔