چیمپئینز ٹرافی کی انعامی رقم کا اعلان:فاتح ٹیم کو 62 کروڑ روپے ملیں گے

307

دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئینز ٹرافی 2025ء کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس بار ٹورنامنٹ کی انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے جو کہ 2017 کے مقابلے میں 53 فیصد زیادہ ہے۔

چیمپئینز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو 2.24 ملین ڈالر (تقریباً 62 کروڑ پاکستانی روپے) کی خطیر رقم دی جائے گی۔ رنر اپ ٹیم کو 1.12 ملین ڈالر (تقریباً 31 کروڑ 11 لاکھ پاکستانی روپے) ملیں گے۔  اسی طرح سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کو 560,000 ڈالر (تقریباً 15 کروڑ 55 لاکھ پاکستانی روپے) دیے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں ہر جیت پر فاتح ٹیم کو 34,000 ڈالر (تقریباً 94 لاکھ پاکستانی روپے) ملیں گے جب کہ  ٹورنامنٹ میں پانچویں اور چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 350,000 ڈالر (تقریباً 9 کروڑ 70 لاکھ پاکستانی روپے)۔ ساتویں اور آٹھویں نمبر کی ٹیموں کو 140,000 ڈالر (تقریباً 3 کروڑ 88 لاکھ پاکستانی روپے) دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی تمام 8 ٹیموں کو 125,000 ڈالر (تقریباً 3 کروڑ 47 لاکھ پاکستانی روپے) کی ضمانتی رقم بھی دی جائے گی۔

چیمپئینز ٹرافی میں انعامی رقم میں اضافے کا مقصد ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرنا اور ٹورنامنٹ کی اہمیت کو بڑھانا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ نہ صرف کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک میگا ایونٹ ہے بلکہ یہ ٹیموں کے لیے بھی ایک بڑا موقع ہوگا کہ وہ خطیر انعامی رقم کے ساتھ ساتھ عالمی شہرت بھی حاصل کریں۔

پاکستان میں منعقد ہونے والی چیمپئینز ٹرافی کو لے کر کرکٹ دنیا میں بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ کرکٹ کے مداحوں کے لیے بھی ایک یادگار تجربہ ثابت ہوگا۔

انعامی رقم میں اضافے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی نے یہ بھی یقینی بنایا ہے کہ ہر ٹیم کو ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے معقول معاوضہ ملے۔ اس اقدام سے نہ صرف ٹیموں کی حوصلہ افزائی ہوگی، بلکہ یہ کرکٹ کے معیار کو بھی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔