واشنگٹن: امریکا میں مقبول سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے اور اب صارفین ایپ اسٹورز سے اسے دوبارہ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور پر ٹک ٹاک کو بحال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد امریکی صارفین کے لیے اس تک رسائی ممکن ہو گئی ہے، اس سے قبل امریکی حکام کی جانب سے مختلف خدشات کے پیش نظر ٹک ٹاک پر پابندی عائد کیے جانے کے امکانات تھے تاہم اب یہ معاملہ وقتی طور پر حل ہو چکا ہے۔
ٹک ٹاک کی بحالی کا پس منظر
گوگل اور ایپل کو ٹک ٹاک کو بحال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ایسا کرنے پر انہیں کسی قسم کے جرمانے یا قانونی پیچیدگی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس یقین دہانی کے بعد دونوں کمپنیوں نے اپنے پلیٹ فارمز پر ٹک ٹاک کو دوبارہ دستیاب کر دیا ہے۔
خیال رہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے ٹک ٹاک پر مجوزہ پابندی کو 5 اپریل تک مؤخر کر دیا تھا، جس کے بعد امریکی صارفین کے لیے ایک بار پھر یہ ایپ قابلِ رسائی ہو گئی۔
واضح رہےکہ 2024ء میں ٹک ٹاک امریکا میں دوسری سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپ تھی، جس سے اس کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، ٹک ٹاک کے کروڑوں امریکی صارفین اس پابندی کے باعث پریشان تھے تاہم اب وہ دوبارہ بغیر کسی رکاوٹ کے ایپ کو استعمال کر سکتے ہیں۔