شہدادپور(نمائندہ جسارت)پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے جمعہ، 14 فروری کو سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکواٹرز میں حقوق ہاری مارچ نکالنے کا اعلان کردیا۔ اس مارچ کا مقصد سندھ کے کسانوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے معاشی قتل عام کے خلاف بھرپور صدائے احتجاج بلند کرنا ہے۔ سانگھڑ میں بھی سندھ بھر کی طرح حقوق ہاری مارچ نکالا جائے گا ، جس میں ضلع بھر سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے کارکنان کے علاوہ ہاری ، کسان و زمیندار حصہ لیں گے۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع سانگھڑ کی ضلعی باڈی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی مسلم لیگ بینطیر آباد ڈویژن کے صدر حافظ رضا اللہ نے کی۔ انہوں نے اجلاس میں حقوق سندھ مارچ کے کامیاب انعقاد پر ضلع بھر کے ذمے داران و کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حقوق سندھ مارچ سندھ کی پسماندہ اور استحصال زدہ عوام کے لیے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوا ہے، جس کے ذریعے سولہ سال سے سندھ پر مسلط کرپٹ اور نااہل حکومت کی کرپشن اور نااہلیوں کا پردہ چاک کرتے ہوئے سندھ کے عوام کے تمام حل طلب مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ضلعی صدر راشد شیخ نے اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقوق سندھ مارچ کو سندھ بھر سے ملنے والی پذیرائی بتاتی ہے کہ سندھ کے عوام موجودہ حکمرانوں سے سخت ناخوش ہیں اور چاہتے ہیں کہ سندھ میں ایسی تبدیلی آئے جس کے ذریعے پاکستان کے سب سے باوسائل صوبہ کی عوام کے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مرکزی مسلم لیگ سندھ پوری قوت سے سندھ کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔