نوابشاہ، کمشنرکی تجاوزات کیخلاف آپریشن تیز کرنیکی ہدایت

154
نوابشاہ ،کمشنرشہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

نوابشاہ (نمائندہ جسارت)کمشنر و چیئرمن ڈویژنل اینٹی انکروچمنٹ کمیٹی شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو کی زیر صدارت ڈویژن کے تینوں اضلاع میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کو تیز کرنے کے حوالے سے ایک اجلاس آج ان کے دفتر میں منعقد ہوا ۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ندیم احمد ابڑو نے کہا کہ تجاوزات کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائی گی اس لئے شہری اپنی حدود کی ضلع انتظامیہ سے تعاون کرتے ہوئے خود تجاوزات کو ختم کریں بصورت دیگر ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری آپریشن کے دوران تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ کمشنر نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کریں تاکہ تجاوزات کو ختم کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر روزانہ کی بنیاد پر آپریشن جاری ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ، ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم، ایس ایس پی شہید بینظیرآباد تنویر حسین تنیو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔