حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) سندھ صوبائی محتسب اعلی اور اکائونٹنٹ جنرل سندھ کی ہدایت پر ٹریژری آفس حیدرآباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی سربراہی ریجنل ڈائریکٹر محتسب عبدالوہاب میمن اور ڈسٹرکٹ اکائونٹ آفیسر سید افتخار علی نے کی۔ ریجنل ڈائریکٹر محتسب عبدالوہاب میمن نے بتایا کہ کھلی کچہری کے دوران 27 کیسز کی سماعت ہوئی، جن میں سے 8کیسز حل کر دیے گئے جبکہ باقی کیسز آئندہ کچہری میں نمٹائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع حیدرآباد دیگر اضلاع کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر کیسز 2024ء کے ہیں اور آئندہ ماہ تک حل کر دیئے جائیں گے، عوام صوبائی اور وفاقی محکموں سے متعلق مسائل کے حل کے لیے محتسب کے دفتر سے بھی رجوع کر سکتے ہیں، جہاں ان کے مسائل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ کھلی کچہری کے دوران ہی 3نئے کیسز بھی داخل کیے گئے جن کی سماعت آئندہ ماہ ہونے والی کھلی کچہری میں کی جائے گی۔ عوامی آگاہی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارمز عوام کی سہولت کے لیے ہیں، اس لیے شہریوں کو کھلی کچہری میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔ کھلی کچہری میں محکمہ صحت کے 5، محکمہ تعلیم کے 5، پولیس کے 2، محکمہ زراعت کے 3اور مشترکہ ایجنسیز کے 12کیسز کی سماعت کی گئی۔